مہر خبررساں ایجنسی، بین الاقوامی ڈیسک، فلسطینی وزارت صحت نے طوفان الاقصی آپریشن کی تیسری برسی کے موقع پر جاری بیان میں کہا ہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ میں اسرائیلی فوج کی کارروائیوں کے نتیجے میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 74 ہزار 250 جبکہ زخمیوں کی تعداد ایک لاکھ 75 ہزار 278 ہو گئی ہے۔
وزارت کے مطابق 11 اکتوبر 2025 کو جنگ بندی کے معاہدے کے نفاذ کے بعد سے اب تک بھی ایک ہزار 467 فلسطینی شہید اور 5 ہزار 161 زخمی ہوچکے ہیں۔ اس دوران مزید 836 شہدا کی لاشیں ملبے اور مختلف علاقوں سے نکالی گئی ہیں۔
غزہ میں 71 ہزار 846 بچے یتیم
غزہ کی وزارت سماجی ترقی کے مطابق اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں پٹی کے سماجی حالات پر بھی شدید اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ غزہ میں ان بچوں کی تعداد 71 ہزار 846 تک پہنچ گئی ہے جنہوں نے اپنے والدین میں سے ایک یا دونوں کو کھو دیا ہے۔
86 ہزار خاندان خواتین کے زیر کفالت
رپورٹ کے مطابق غزہ میں بیوہ خواتین کی تعداد 64 ہزار 413 ہوگئی ہے، جبکہ تقریباً 86 ہزار خاندان اب خواتین کے زیر کفالت ہیں۔ یہ تعداد غزہ کے مجموعی خاندانوں کے تقریباً ایک چوتھائی کے برابر ہے۔
وزارت سماجی ترقی کے مطابق غزہ میں ایک لاکھ 18 ہزار 876 بزرگ افراد بھی بار بار نقل مکانی، گھروں کی تباہی، طبی خدمات کی بندش اور ادویات و علاج تک محدود رسائی کے باعث انتہائی مشکل حالات میں زندگی گزار رہے ہیں۔
وزارت کے اعداد و شمار کے مطابق بیمار اور معذور افراد کی تعداد 16 ہزار 963 ہے۔ شدید زخمیوں اور اعضا سے محروم ہونے والے افراد کی تعداد میں اضافے کے باعث بحالی، فزیوتھراپی، مصنوعی اعضا اور دیگر معاون آلات کی ضرورت بھی بڑھ گئی ہے۔
12 لاکھ سے زائد افراد بے گھر
رپورٹ کے مطابق غزہ میں 2 لاکھ 58 ہزار 927 بے گھر خاندان 2 ہزار 90 رہائشی مراکز میں موجود ہیں اور انہیں فوری طور پر رہائش اور بنیادی سہولیات کی ضرورت ہے۔
غزہ کی وزارت سماجی ترقی نے بتایا کہ 12 لاکھ سے زائد افراد غذائی عدم تحفظ کی بحرانی یا اس سے بھی شدید صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں، جبکہ قومی امدادی نظام میں رجسٹرڈ ضرورت مند خاندانوں کی تعداد 5 لاکھ 30 ہزار ہو گئی ہے۔
وزارت نے غزہ کے فلسطینیوں کے لیے فوری طور پر خوراک، ادویات اور پناہ گاہوں کی فراہمی پر زور دیتے ہوئے عالمی برادری اور امدادی اداروں سے مطالبہ کیا کہ سماجی معاونت کے پروگراموں کے لیے فوری اور مستقل مالی وسائل فراہم کیے جائیں، یتیم بچوں اور اپنے کفیل سے محروم خاندانوں کی مدد کی جائے اور سماجی تحفظ کے نظام کو دوبارہ بحال کیا جائے۔
22 ہزار طالب علم اور تعلیمی کارکن شہید
فلسطینی وزارت تعلیم کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ اور مغربی کنارے میں مجموعی طور پر 21 ہزار 806 اسکول، کالج اور یونیورسٹی کے طالب علم اور تعلیمی عملہ شہید ہوچکا ہے، جبکہ اس دوران درجنوں اسکول، جامعات اور تعلیمی عمارتیں بھی تباہ ہوئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق غزہ میں 19 ہزار 189 سے زائد اسکول کے طلبہ اور ایک ہزار 386 یونیورسٹی طلبہ شہید ہوئے۔ اسی دوران 28 ہزار 586 اسکول طلبہ اور 3 ہزار 82 یونیورسٹی طلبہ زخمی ہوئے۔
مغربی کنارے میں 134 اسکول طلبہ اور 39 یونیورسٹی طلبہ شہید جبکہ 871 اسکول طلبہ اور 283 یونیورسٹی طلبہ زخمی ہوئے۔ اس کے علاوہ 416 اسکول طلبہ اور 481 یونیورسٹی طلبہ کو اسرائیلی فوج نے گرفتار کیا۔
فلسطینی وزارت تعلیم کے مطابق غزہ میں 805 اسکول ملازمین اور 246 یونیورسٹی اساتذہ و ملازمین بھی شہید ہوئے، جبکہ 3 ہزار 298 اسکول ملازمین اور ایک ہزار 493 یونیورسٹی ملازمین و تعلیمی عملہ زخمی ہوا۔
مغربی کنارے میں بھی 7 تعلیمی کارکن شہید اور 26 زخمی ہوئے۔ اسرائیلی فوج نے 176 سے زائد اساتذہ و اسکول ملازمین اور 21 یونیورسٹی ملازمین کو گرفتار کیا۔
284 اسکول مکمل طور پر تباہ
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی حملوں میں غزہ کے 179 سے زائد سرکاری اسکول مکمل طور پر تباہ ہوگئے، جبکہ اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطینی مہاجرین، آنروا، سے وابستہ 105 سے زائد اسکولوں کو بھی بمباری کرکے تباہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ غزہ میں 63 سے زائد یونیورسٹی عمارتیں بھی مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں۔
جنگ کے دوران 2 ہزار 347 اسرائیلی ہلاک
اسرائیلی فوج کے ریڈیو نے بھی 7 اکتوبر کے واقعات کی تیسری برسی کے موقع پر جنگ کے آغاز سے اب تک ہونے والے اسرائیلی جانی نقصانات کے اعداد و شمار جاری کیے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 7 اکتوبر کے بعد سے اب تک اسرائیلی فوج اور سکیورٹی فورسز کے ایک ہزار 318 اہلکار جبکہ ایک ہزار 29 اسرائیلی آبادکار ہلاک ہوئے ہیں۔ ہلاک ہونے والے آبادکاروں میں 778 افراد 7 اکتوبر کو جبکہ 251 افراد اس کے بعد ہلاک ہوئے۔
اسرائیلی فوج کے ریڈیو کے مطابق 7 اکتوبر کے واقعات کے دوران 251 افراد کو گرفتار کرکے غزہ منتقل کیا گیا تھا اور اب ان سب کو واپس لایا جاچکا ہے۔ ان میں سے تقریباً 40 افراد دوران حراست ہلاک ہوئے اور ان کی لاشیں بھی مقبوضہ علاقوں میں واپس لائی گئیں۔
رپورٹ کے مطابق جنگ کے آغاز سے اب تک تقریباً 30 ہزار اسرائیلی فوجی اور سکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے تقریباً 63 فیصد افراد ذہنی صدمے اور پوسٹ ٹرامیٹک اسٹریس ڈس آرڈر (PTSD) کا شکار ہوگئے ہیں۔
آپ کا تبصرہ